ہفتہ واری دروس

توبہ و استغفارکی شرطیں

حديث نمبر :106

بتاریخ : 3/4/ محرم 1431 ھ، م 19/18 جنوری 2010

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رضي الله عنه ، عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ ‏”‏ إِنَّالْعَبْدَ إِذَا أَخْطَأَ خَطِيئَةً نُكِتَتْ فِي قَلْبِهِ نُكْتَةٌ سَوْدَاءُ فَإِذَا هُوَ نَزَعَ وَاسْتَغْفَرَ وَتَابَ سُقِلَ قَلْبُهُ وَإِنْ عَادَ زِيدَ فِيهَا حَتَّى تَعْلُوَ قَلْبَهُ وَهُوَ الرَّانُ الَّذِي ذَكَرَ اللَّهُ ‏:‏ ‏(‏ كلاَّ بَلْ رَانَ عَلَى قُلُوبِهِمْ مَا كَانُوا يَكْسِبُونَ ‏)‏ ‏”‏ ‏.

( سنن الترمذي :3334، التفسير – سنن ابن ماجه :4244 ، الزهد – مسند أحمد : 2/297 )

ترجمہ : حضر ت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : بندہ جب ایک گناہ کرتا ہے تو اس کے دل پر ایک کالا دھبہ پڑجاتا ہے ، پھر اگر وہ اللہ تعالی کی طرف رجوع کرتا ہے ، گناہ سے رک جاتا ہے اور استغفار کرتا ہے تو اس کا دل صاف ہوجاتا ہے اور اگر وہ دوبارہ گناہ کرتا ہے [اور اس سے توبہ نہیں کرتا ] تو کالا دھبہ بڑھ جاتا ہے یہاں تک کہ اس کے پورے دل پر چھا جاتا ہے اور یہی وہ ران [زنگ ] ہے جس کا ذکر اللہ تعالی نے اس آیت میں کیا ہے :” کلا بل ران علی قلوبھم ما کانوا یکسبون ” { المطففین :14 }

“ہر گز یہ بات نہیں بلکہ ان لوگوں کے دلوں پر ان کے برے اعمال کا زنگ لگ گیا ہے ” ۔

{ سنن الترمذی ، سنن ابن ماجہ ، مسند احمد } ۔

تشریح :انسان کا ازلی دشمن شیطان اسے ہر ممکن طور پر رب کی نافرمانی میں مبتلا کرنا چاہتا ہے اور رب نے بھی انسان کی طبیعت ایسی بنائی ہے کہ وہ شیطان کے دھوکے میں بہت جلد واقع ہوجاتا ہے ، البتہ اس غلطی کے استدراک کے لئے اللہ تعالی نے توبہ و استغفار کا دروازہ کھولا ہے اور اسے اپنے نزدیک ایک پسندیدہ کام قرار دیا ہے وہ توبہ وا ستغفار کرنے والوں کو پسند کرتا اور انہیں اپنے قریب کرتا ہے ، اسی لئے بندوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ کثرت سے استغفار کرتے رہیں ، ان کے استغفار کا فائدہ یہ ہوگا کہ گویا انہوں نے گناہ کیا ہی نہیں کیونکہ گناہ کا اثر جہاں انسان کے دین و اخلاق پر پڑتا ہے وہیں سب سے پہلے اس سے انسانی دل بھی متاٴثر ہوتا ہے جس کی مثال زیر بحث حدیث میں کالے دھبے سے دی گئی ہے کہ بندہ گناہ کرتا ہے تو اس کے دل پر کالا دھبہ پڑ جاتا ہے لیکن توبہ و استغفار کی برکت سے اللہ تعالی اس دھبے کو دور کردیتا ہے ، ہاں ! اگر بندہ گناہ پر گناہ کئے جاتا ہے اور توبہ وا ستغفار کر کے اس دھبہ کو دھو نہیں لیتا تو یہی دھبہ بڑھتے بڑھتے اس کے پورے دل کو کالا کردیتا ہے جس کے نتیجے میں اس کے اندر اسے حق وباطل اور نیکی وبرائی میں تمیز کی صلاحیت ختم ہوجاتی ہے حتی کہ بسا اوقات صورت حال یہاں تک پہنچتی ہے کہ اس شخص کے اندر توحید و شرک اور ایمان و کفر کے درمیان میں بھی تمیز نہیں رہتی ۔

زیر بحث حدیث میں اسی خطرناک حالت کا ذکر ہے اور اس صورت حال سے بچنے کا بہترین ذریعہ استغفار وتوبہ ہے جو گناہوں کو مٹا دیتا ہے ، گناہ کے سبب لگے ہوئے کالے دھبے کو انسانی دل سے دور کردیتا ہے وہ صرف زبان سے لفظ استغفارادا کرنا نہیں ہے بلکہ اس کے لئے کچھ شرطیں ہیں جن کا لحاظ رکھنا بہت ضروری ہے ، اگر شرطوں کا لحاظ نہ رکھا گیا تو وہ استغفار اللہ کے نزدیک مقبول نہ ہوگا ۔

ان شرطوں میں سے چند یہ ہیں :

[۱] گناہ کا ترک : زیر بحث حدیث میں ہے کہ پھر اگر بندہ اللہ تعالی کی طرف رجوع کرے اور گناہ سے رک جائے ، اس سے معلوم ہوا کہ جس غلطی کے بعد استغفار کررہا ہے اس کے لئے ضروری ہے کہ اسے فورا ترک کردیا جائے ، اس لئے کہ جو شخص گناہ کرنا ترک نہیں کرتا اور زبان سے استغفار پڑھتا رہتا ہے تو گویا کہ وہ اللہ تعالی سے مذاق کررہا ہے اور ایک اور گناہ کا مرتکب ہورہا ہے ، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا : تباہی ہے اس شخص کے لئے جو جانتے ہوئے گناہ پر اصرار کررہا ہے

{مسند احمد ، الادب المفرد }

حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ نے فرمایا : وہ شخص جو اپنے گناہوں پر جمے رہنے کے ساتھ ساتھ استغفار کرتا ہے وہ اپنے رب کا مذاق اڑا رہا ہے ۔

{شعب الایمان } ۔

[۲] اخلاص و نیت صادقہ : استغفار کی قبولیت کے لئے دوسری شرط یہ ہے کہ بندہ اپنے استغفار میں مخلص ہو ، یعنی استغفار و توبہ کا سبب اللہ تعالی کا خوف اور اس کی رضا ہو ، کسی دنیاوی مقصد کا حصول ، کسی کا خوف اور کسی انسان کو راضی کرنا نہ ہو ، حکم الہی ہے کہ ” فاعبد اللہ مخلصا لہ الدین ” {الزمر}

” پس آپ اللہ ہی کی عبادت کریں ، اسی کے لئے دین کو خالص کرتے ہوئے ” ،

نیز ارشاد نبوی ہے : اللہ تعالی اسی عمل کو قبول کرتا ہے جو خاص اسی کے لئے کیا گیا ہو ۔

{ سنن النسائی }

[۳] ندامت : گناہ کرنے والا اپنے کئے پر نادم اور شرمندہ ہو اور دل میں یہ خلش ہو کہ افسوس ! یہ کام مجھ سے ہوگیا ، میں اپنے منعم حقیقی کو کیا منھ دکھلا­ؤں گا ، ارشاد نبوی ہے : ندامت ہی تو بہ ہے

{ صحیح ابن حبان عن انس } ۔

یعنی توبہ کی شرطوں اور ارکان میں سے ایک اہم رکن اور شرط یہ ہے کہ وہ اپنے کئے پر شرمندہ ہو ۔

[۴] کبائر خصوصا شرک سے پرہیز : اس لئے کہ شرک کی موجودگی میں کوئی نیک عمل بندے کے لئے مفید نہیں ہے بلکہ شرک تمام نیک اعمال کو رائیگاں اور برباد کردیتا ہے ، بلکہ ایسے لوگوں کے لئے اگر اللہ کا نبی بھی استغفار کرے تو ان کی بھی مغفرت نہیں ہوگی ، الا یہ کہ یہ لوگ سب سے پہلے اپنے شرک و کفر سے توبہ کریں ، ارشاد باری تعالی ہے : ان کے لئے تو استغفار کر یا نہ کر اگر تو ستر بار بھی ان کے لئے استغفار کرے تو بھی اللہ تعالی انہیں ہر گز نہ بخشے گا ، یہ اس لئے کہ انہوں نے اللہ اور اس کے رسول کے ساتھ کفر کیا ہے ۔ { التوبہ :80}

فوائد :

  1. برے اعمال سے انسانی دل متاٴثر ہوتا ہے ۔
  2. کثرت گناہ سے بندے کی فطرت مرجاتی اور وہ حق وباطل کی تمیز کھو بیٹھتا ہے ۔
  3. اللہ تعالی کے نزدیک وہی استغفار مقبول ہے جو اپنی تمام شرطوں کے ساتھ ہو ۔

ختم شدہ

زر الذهاب إلى الأعلى